ویمن یونیورسٹی ملتان اور نجی کالج میں ایم او یو سائن ہوگیا

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان اور کپس گروپ آف کالجز کے درمیان با ضابطہ طور پر ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے، جس کا مقصد تعلیمی تعاون کو بڑھانا اور مقابلے کے امتحانات کی تیاری اور طالبات کو با اختیار بنانا ہے۔
ایم او یو پر ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور کپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارسلان خالد نے دستخط کیے۔
شعبہ سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات کی سربراہ ڈاکٹر اسماء اکبر اور کیمپس مینیجر ملتان زوہاب رفیق نے فوکل پرسنز کے طور پر کام کریں گے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا تھا کہ اس ایم او یو کا مقصد سی ایس ایس، پی ایم ایس، ایف پی ایس سی، اور پی پی ایس سی کے خواہشمندوں کے لیے منظم تربیت، ماہرانہ رہنمائی اور خصوصی وسائل فراہم کرنا ہے۔
اس ایم او یو کے تحت ویمن یونیورسٹی کی طالبات سابق طالبات اور تدریسی اور انتظامی فیکلٹی ممبران کے لیے کپس خصوصی رعایتی پالیسی دے گا جبکہ مقابلے کے امتحانات پر سیمینارز اور پوڈ کاسٹس کی مشترکہ تنظیم، کیریئر کی ترقی اور تعلیمی موضوعات، اور علم کے اشتراک کو فروغ دینے کے لیے فیکلٹی کا تبادلہ بھی کیا جائے گا، اس اقدام سے جنوبی پنجاب میں خواتین کو با اختیار بنانے اور تعلیمی ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر ارسلان خالد اور دیگر نے کہا کہ اس ایم او یو سے طالبات کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، دونوں اداروں کی تجربہ کار فیکلٹی مقابلے امتحانات کی تیاری کےلئے مدد فراہم کرے گی۔
اس موقع پر خزانہ دار ڈاکٹر سارہ مصدق بھی موجود تھیں۔



















