ویمن یونیورسٹی ملتان اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے درمیان ایم او یو سائن ہوگیا

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اووک) کے زیر اہتمام پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر سیکرٹریٹ، کچہری کیمپس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی، جبکہ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر دیبا شہوار، خزانچی ڈاکٹر طاہرہ یونس، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر صائمہ نسرین، منیجر انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر راحیلہ جبین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر حمیرا یاسمین، اسسٹنٹ ٹریژرر زارا رفیق اور ٹیچر انچارج آرٹ اینڈ ڈیزائن سونیا ناصر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے وفد کی قیادت ریجنل ڈائریکٹر عمارہ منظور نے کی، ان کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نجم السحر سمرین ، صہاء اقبال، محمد سرمد اور بی ڈی او دانش مشتاق موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت جامعہ اور انڈسٹریز کے مابین مضبوط روابط کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے ذریعے طالبات اور گریجویٹس کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
یونیورسٹی تحقیق، جدت اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے صنعتی اداروں کے ساتھ بامعنی اشتراک کو مزید وسعت دے گی یہ اشتراک طویل المدتی، پائیدار اور مؤثر ثابت ہوگا اور خطے میں صنعت و تعلیم کے باہمی تعاون کو نئی جہت فراہم کرے گا۔
ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر صائمہ نسرین کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت مشترکہ تربیتی پروگرامز، سکل ڈویلپمنٹ اقدامات، انٹرن شپس، کاروباری رہنمائی اور انوویشن سپورٹ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ طالبات کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
پی ایس آئی سی کی ریجنل ڈائریکٹر عمارہ منظور نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کی صنعتی و معاشی شمولیت کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ اشتراک جنوبی پنجاب میں صنعتی ترقی، کاروباری مواقع اور خواتین کو با اختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط کیے گئے اس موقع پر طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔


















