ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ضلعی محکموں کو الٹی میٹم

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ضلعی محکموں کو الٹی میٹم دے دیا ہے، قومی تعمیر نو کے محکموں کو جون سے قبل سکیموں کے مختص بجٹ خرچ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی انتظامیہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عرفان بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ فنڈز لیپس ہونے سے بچانے کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کیا جائے تاکہ اگلے بجٹ میں مزید سکیموں کو عوامی مفاد میں۔ تجویز کیا جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ روڈز،واسا اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیحی بنایا جائے گا ، جبکہ نشتر ٹو اور سب سیکرٹریٹ بلڈنگ کا منصوبہ پہلے سے تیزی سے جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گنجان آباد علاقوں کی روڈز کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، رواں ماہ ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ سٹریٹ لائٹس کو مکمل فعال کیا جائے ، اور قبرستانوں کی چار دیواری کے منصوبے بھی جلد مکمل کئے جائیں۔

















