پنک گیمز میں شرکت کے لئے ملتان کا دستہ لاہور پہنچ گیا

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب بھر کی ٹیلنٹڈ خواتین کھلاڑیوں کے لیے گیارہ فروری سے لاہور میں شروع ہونے والی کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے سلسلہ میں ملتان ڈویژن کی سولہ کھیلوں کی 170خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان کی زیر قیادت لاہور ک پہنچ گیا۔
تفصیل کے مطابق پنجاب بھر کی انڈر 21 وہ خواتین کھلاڑی جن کا کسی محکمہ سے تعلق نہ ہے، ان کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام ڈویژن کی سطح پر مختلف سولہ گیمز کے مقابلہ جات منعقد کرائیں ہیں جن میں پنجاب بھر سے خواتین کھلاڑی شرکت کر رہی ہیں۔
عطاالرحمن خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان وہاڑی لودھراں اور خانیوال ڈسٹرکٹ پر مشتمل ملتان ڈویژن کی 170 کھلاڑی سولہ مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں جن کو ماہر کوچز کی زیر نگرانی تربیت دی گئی ہے، جن سے اس ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی امید ہے۔
اس موقع پر بچیوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ ان مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے ملتان ڈویژن کانام روشن کرینگے قافلہ کی روانگی کے موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم ڈویژنل کوچز شاہد زگل ناصر حسین اسد حبیب انیس خان و دیگر افراد موجود تھے۔




















