جرائم کی یقینی بیخ کنی کے لیے پولیس افسران جدید طریقہ تفتیش اپنائیں:آر پی او

ریجنل پولیس آفیسر ملتان جاوید اکبر ریاض نے کہا ہے کہ جرائم کی یقینی بیخ کنی کے لیے پولیس افسران جدید طریقہ تفتیش اپنائیں اور دور حاضر کی ٹیکنالوجی کو برؤے کار لائیں تاکہ مجرم زیادہ دیر تک قانون کی نظروں سے بچ نہ سکے۔
یہ بات انہوں نے پولیس لائنز ملتان میں سی پی او ملتان کی طرف سے امن عامہ کے حوالہ سے پولیس کے اقدامات پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کہی ۔
سی پی او خرم شہزاد حیدر،ایس ایس پی آپریشن شائستہ ندیم اور ڈویژنل ایس پیز بھی بریفننگ میں شریک تھے۔
ریجنل پولیس آفیسر جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ تھانوں میں عوام کے ساتھ پولیس رویہ کو بہتر بنائیں اور خوش اخلاقی، خوش گفتاری کو فروغ دیں۔
پولیس افسران کمیونٹی پولیسنگ پر بھی توجہ مرکوز کریں، کیونکہ جرائم پر قابو پانے ،جرائم کی شرح میں کمی کے لیے پولیس اور شہریوں کا باہمی تعاون ہر دور کی ضرورت رہا ہے اور رہیگا ۔
انہوں نے کہا کہ مجرموں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور تھانہ میں آنے والے سائلین کی داد رسی میں تاخیر نہ کی جائے، اشتہاری مجرمان اور منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے بھرپور مہم چلائیں ۔
سٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم پر قابو پانے کے لیے تجارتی مراکز اور شہریوں کے تعاون سے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کرائیں تاکہ جرام کے بعد مجرم جلد سراغ لگایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات کی تفتیش درست سمت رکھنے کے لیے کسی پہلو کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہ کریں، تفتیشی افسروں کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانے کے لیے ریفریشر کورسز کا بھی اہتمام کیا جائے اور سینیئر افسران خصوصی طور پر جدید طریقہ تفتیش سے آگاہی دیں ۔
انہوں نے کہا کہ سنگین مقدمات انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے جلد یکسو کریں۔



















