ملتان پبلک سکول اینڈ کالج کی سالانہ کارکردگی بارے اہم اجلاس، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا

کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان پبلک سکول اینڈ کالج کی سالانہ کارکردگی بارے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنوری 2025 تا جنوری 2026 کے دوران تعلیمی، انتظامی اور لاجسٹک بہتری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سکول میں انگریزی کو بطور ذریعہ تعلیم مضبوط بنانے اور اساتذہ کی ٹریننگ سے متعلق پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائیو میٹرک حاضری نظام کے نفاذ سے اساتذہ اور عملہ کی نگرانی میں شفافیت آئی ہے، اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ میٹرک اور او لیول کے نتائج میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بعض سیکشنز میں 100 فیصد رزلٹ حاصل کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ سکول میں ڈسپلن فریم ورک کو سخت بنایا گیا ہے جبکہ لیو پالیسی اور اکیڈمک مانیٹرنگ کو موثر بنایا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق مالی امور کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ERP سسٹم اور ویب سائٹ پر کام جاری ہے۔ تین کمپیوٹر لیبز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جس کے بعد 45 فعال سسٹمز کے ذریعے ڈیجیٹل لرننگ مزید بہتر ہوئی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کیمپس سکیورٹی کے لیے 40 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جس سے نگرانی کا نظام موثر بنایا گیا ہے۔ نئے داخلوں کے باعث طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی انرولمنٹ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
بریفنگ میں ہم نصابی سرگرمیوں، سپورٹس پروگرام اور شجر کاری مہم کو بھی عوامی سطح پر سراہے جانے سے آگاہ کیا گیا۔ دونوں برانچوں کے پرنسپلز نے زیر التواء منصوبوں، سولرائزیشن، سٹاف کوارٹرز اور سٹریٹ لائٹس کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملتان پبلک سکول اینڈ کالج کو نامور تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، ڈسپلن اور سہولیات میں نمایاں بہتری لا کر ادارے کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے گا ۔



















