ملتان ایشیاء کپ کی میزبانی کےلئے تیار
ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ شہر اولیاء کے کرکٹ شائقین ایشیا کرکٹ ٹورنامنٹ کی بھرپور میزبانی کے لیے مکمل تیار ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے کرکٹ شائقین کے لیے سٹیڈیم اور روٹس پر مثالی انتظامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پر امن ماحول میں کرکٹ میچ کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر افس میں منعقدہ ضلعی محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
سی پی او ملتان منصور الحق رانا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عابدہ فرید بھی اجلاس میں شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ کرکٹ میچ میں شائقین کی کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر خصوصی شٹل بس سروس چلائی جائے گی، جبکہ سٹیڈیم کے باہر پارکنگ کا فول پروف سسٹم نافذ کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام ضلعی محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کرکٹ میچ کے کامیاب انعقاد کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اس موقع پر سی پی او منصور الحق رانا نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نپٹنے کے لئے پولیس فورس مکمل تیار ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میچ کے کامیاب انعقاد کے لیے پولیس فورس مکمل صلاحیتوں کے ساتھ امن و امان کی فضا قائم رکھے گی۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے میچ کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی۔