پی ایس ایل 8: ملتان اسٹیڈیم کی صفائی، ویسٹ مینجمنٹ نے 31 لاکھ روپے مانگ لیے
ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے پی ایس ایل کے سلسلے میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی صفائی کا معاوضہ طلب کر لیا ہے، اور پی سی بی کو31 لاکھ روپے ادا کرنے کا بل بھیج دیا ہے۔
معاوضہ کمپنی کی آمدنی بڑھانے کے حوالے سے بی او ڈی کے فیصلے کی روشنی میں طلب کیا گیا ہے۔
بل میں پی ایس ایل کے موقع پر کرکٹ اسٹیڈیم کی 20 یوم تک صفائی کا معاوضہ مانگا گیا ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا صفائی آپریشن 3 فروری کو شروع کیا گیا تھا۔
ملتان ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک اجلاس میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی منیجمنٹ نے معاوضہ ادا کرنے کی حامی بھری تھی۔
ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے کرکٹ اسٹیڈیم کی مستقل بنیادوں پر صفائی کے لئے بھی پی سی بی کو معاہدہ کرنے کی پیش کش کی ہے۔
یاد رہے کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سرکاری اداروں سے صفائی خدمات کا معاوضہ وصول کرتی ہے اور سبزی و فروٹ منڈی اور پولیس ٹریننگ کالج معاوضہ ادا کرنیوالے اداروں میں شامل ہیں۔
اس بارے میں پی سی بی کے ترجمان کاکہنا ہے کہ ابھی اس معاملے پر بات چیت جاری ہے کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔