میونسپل کیڈر کے 488 ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کی پنشن 3 ماہ سے بند
ملتان شہر میں محکمہ تعلیم اور اکاؤنٹس آفس کے کرپٹ مافیا کا گٹھ جوڑ، میونسپل کیڈر کے488 ریٹائر اساتذہ و ملازمین کی پنشن 3ماہ سے بند، 60 ریٹائر اساتذہ و ملازمین 3 سال سے گریجویٹی اور لیو انکیشمنٹ کے واجبات سے محروم، بڑھاپے میں حق کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور،حالت نا قابل رحم
بتایا گیا ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان آفس اور ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس کے رشوت خور افسران و ملازمین نے ریٹائر میونسپل اساتذہ و ملازمین پر ظلم کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں ۔
2020 سے اب تک میونسپل کیڈر کے 60 ریٹائر اساتذہ و ملازمین کو تاحال گریجویٹی اور لیو انکیشمنٹ کے واجبات نہیں مل سکے۔ متاثرین محکمہ تعلیم، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس کے دفاتر کے چکر پر چکر لگا کر تھک چکے ہیں، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔
دوسری جانب میونسپل کیڈر کے 488 مرد و خواتین ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کو ستمبر’ اکتوبر اور نومبر کی پنشن نہیں مل سکی، اور اب چوتھا مہینہ دسمبر کا بھی لگ چکا ہے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے، اپنے علاج سمیت روزمرہ کے اخراجات میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
یہ متاثرین بھی سی ای او ایجوکیشن آفس، ڈپٹی کمشنر آفس اور ڈسٹرکٹ اکثائونٹس آفس ملتان کے چکر پر چکر لگا کر ہلکان ہوچکے ہیں، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔
ہہ امر افسوسناک ہے کہ پنجاب بھر میں تمام جنرل کیڈر کے تمام اساتذہ و ملازمین کی پنشن گزشتہ سال2022 میں آن لائن ہوچکی، لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی ریٹائرڈ میونسپل اساتذہ کی پنشن آن لائن ہوچکی ہے، لیکن ضلع ملتان میں تاحال آن لائن نہیں ہوسکی ہے۔ یہ مسئلہ صرف ملتان میں ہی بنا ہوا ہے، رشوت کے چکر میں بڑھاپے میں ریٹائرڈ میونسپل اساتذہ و ملازمین کو خوار کیا جارہا ہے۔
گزشتہ سال 2022 میں ہائیکورٹ ملتان بنچ نے صوبائی سیکرٹری فنانس پنجاب اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو 40 روز کے اندر مذکورہ ریٹائرڈ میونسپل اساتذہ و ملازمین کی پنشن آن لائن کرکے مسئلہ مستقل حل کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔
متاثرین نے چیف جسٹس آف پاکستان اور نگران وزیر اعلی ٰ پنجاب محسن نقوی سے فوری نوٹس لیکر دادرسی کرنے کی اپیل کی ہے۔