شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے نوجوانوں کو خودی، حوصلے اور عمل کی راہ دکھائی : ارسلان کیانی

ناظمِ اعلیٰ مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ارسلان کیانی نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے نوجوانوں کو خودی، حوصلے اور عمل کی راہ دکھائی۔ اقبالؒ کے افکار آج بھی ملتِ اسلامیہ کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کی شاعری محض ادب نہیں بلکہ فکر و عمل کا انقلابی منشور ہے۔ اقبالؒ نے نوجوان کو شاہین کا استعارہ دے کر یہ پیغام دیا کہ وہ بلند حوصلہ، خوددار اور خلوصِ نیت سے معمور ہو۔ آج کے طلباء پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اقبال کے خواب کی تعبیر بنیں اور علم، کردار اور ایمان کے ساتھ اپنی قوم کی رہنمائی کریں۔
مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں یومِ اقبال کے موقع پر مختلف تقریبات، سیمینارز، فکری نشستیں اور مشاعرے منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں اقبالؒ کی تعلیمات اور پیغامِ خودی کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ عہد دہرانے کا موقع دیتا ہے کہ ہم اقبالؒ کے فلسفۂ خودی، اتحادِ امت اور عملِ پیہم کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔ اگر نوجوان اقبال کے افکار کو سمجھ لیں اور ان پر عمل کریں تو پاکستان کا مستقبل تابناک ہو سکتا ہے۔
آخر میں ناظمِ اعلیٰ نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ یومِ اقبال کو تجدیدِ عزم، ایمان، اور بیداریِ ملت کے طور پر منائیں اور اقبال کے پیغام کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں۔




















