جنوبی پنجاب میں کشتی رانی کے قومی سطح کے مقابلے منعقد کرانے کا اعلان
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ کھیلیں ایک صحت مند تفریح ہیں، اور یہ سپورٹس مین سپرٹ کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کشتی رانی کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر کو مبارکباد دی ، اور کہا ہے کہ آج کشتی رانی کے کھیل کا جو بیج بویا گیا ہے وہ مستقبل میں ایک تن آور درخت بنے گا۔
گورنر پنجاب نے جنوبی پنجاب میں کشتی رانی کے قومی سطح کے مقابلے منعقد کرانے کا اعلان کیا، اور اس حوالے سے پلان تیار کرنے کی ہدایات کی۔
وہ ساوتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام بہاولپور میں جنوبی پنجاب کے پہلے کشتی رانی مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔
اس پر موقع شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور تمام محکموں کے افسران موجود تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کشتی رانی کے کھیل کے فروغ دینے کے لئے بوٹنگ کلب بنائے جائیں گے، اور جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیز اور سرکاری ادارے بوٹنگ کلبز قائم کریں۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ بوٹنگ کلبز کو دفاتر اور بوٹس کے لئے سٹور بنانے کے لئے زمین لیز پر دی جائے گی۔ انہوں نے کشتی رانی کے لئے ایک اور کینال ٹریک تلاش کرنے کی ہدایت کی، اور موٹر بوٹ اور بائیکر ریس کے مقابلے بھی منعقد کرانے کا پلان تیار کرنے کے لئے کہا۔
گورنر نے کہا کہ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ایک بائیکر ریس کے مقابلے میں شرکت کے لئے امریکہ جارہے ہیں، جس پر ہمیں فخر ہے۔
گورنر پنجاب نے کشتی رانی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے خطاب میں کشتی رانی کے افتتاح کے لئے وقت دینے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے میں ادب، ثقافت اور کھیلوں کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، اور کشتی رانی کے مقابلوں کا انعقاد اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہاولپور سٹی میں گہما گہمی پیدا کرنے کے لئے شہر کے قریب کشتی رانی کے مقابلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خطے کی تاریخ میں پہلی بار کشتی رانی کے مقابلے کا انعقاد ساوتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے ایک اعزاز ہے۔
کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کشتی رانی کے مقابلوں میں انٹرنیشنل کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں 24 خواتین اور 24 مرد کھلاڑی شامل ہیں۔
انہوں نے توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں کشتی رانی کا کھیل چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کی طرح بہاولپور کی پہچان بنے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے چولستان ڈیزرٹ ریلی کی چند تقریبات شہر میں منعقد کرانے کی تجویز کرانے کی تجویز دی اور کہا کہ شہر میں تقریبات سے ہوٹلنگ اور دیگر کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی، اور چولستان کی اکانومی کے ساتھ ساتھ سٹی کی اکانومی کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ہمایوں اختر،ہارون رشید اور اپنی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی جانب سے کشتی رانی کے مقابلوں کا افتتاح کے موقع پر غبارے فضا میں چھوڑے گئے اور کبوتر آزاد کئے گئے۔
کشتی رانی کے کھلاڑیوں نے کشتیاں چلا کر سٹیج کے سامنے مارچ پاسٹ کیا، اور مہمان خصوصی کو سلامی دی۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔