قومی سپورٹس ٹیلنٹ شناختی پورٹل "بازی” لانچ کر دیا گیا
انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) اور سٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے قومی سپورٹس ٹیلنٹ شناختی پورٹل بازی لانچ کر دیا۔
یہ پاکستان کا پہلا مرکزی اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی شناخت اور تربیت کو یقینی بنانا ہے۔ اس پورٹل کے ذریعے شہروں اور دور دراز علاقوں میں موجود ٹیلنٹ کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
آئی بی سی سی سے منسلک تعلیمی بورڈز کے طلبہ اور بیرونِ ملک پاکستانی طلبہ’’بازی‘‘ پر رجسٹریشن کر کے اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکتے ہیں۔ پورٹل شفافیت، میرٹ اور مساوی مواقع کی بنیاد پر گراس روٹس سے قومی سطح تک ترقی کا راستہ فراہم کرتا ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا یہ اقدام پاکستانی کھیلوں میں ایک نئے دور کا آغاز ہے جہاں کامیابی کا معیار سفارش یا وسائل نہیں بلکہ صرف ٹیلنٹ ہوگا، بازی جدت، شفافیت اور اشتراک کے لئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔



















