نیشنل ٹوئنٹی 20: ناردرن اور دفاعی چیمپئن کے پی کے کا فاتحانہ آغاز، حیدر علی کی برق رفتار نصف سنچری

شاداب خان کی زیرقیادت ناردرن نے نیشنل ٹی ٹونٹی کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بلوچستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ ناردرن نے 140 رنز کا ہدف 18 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اوپنر حیدر علی نے 28 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔انہیں 58 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی اننگز کا آغاز بھی آئیڈیل نہ تھا۔ اوپنر عمر امین صرف 2 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد حیدر علی نے پہلے ذیشان ملک ، پھر شاداب خان اور پھرروحیل نذیر کے ہمراہ بالترتیب 49، 10 اور 16 رنز کی شراکت قائم کی۔تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے چھٹے نمبر پر میدان میں آکر 4 چھکے اور 3 چوکے لگا کر ناردرن کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔انہوں نے حیدر علی کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔
بلوچستان کے یاسر شاہ، عاکف جاوید، عماد بٹ اور کاشف بھٹی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو چھ کے انفرادی اسکور پر کپتان امام الحق پویلین واپس لوٹ گئے۔اس کے بعد بلوچستان کا کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور اس کی آدھی ٹیم محض 70 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔
عبدالواحد بنگلزئی اور اکبر الرحمٰن 24،24 جبکہ بسم اللہ خان اور ایاز تصور بالترتیب 10 اور 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ایسے میں عماد بٹ نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے۔ عماد بٹ 34 اور کاشف بھٹی 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ ناردرن کے حارث رؤف نے 18 اور محمد نواز نے 31 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔زمان خان اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جب کہ دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن کے پی کا نیشنل ٹی ٹونٹی میں فاتحانہ آغاز۔
دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نے بھی نیشنل ٹی ٹونٹی کے اٹھارویں ایڈیشن کا کامیاب آغاز کیا ہے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کو 36 رنز سے شکست دے دی ہے۔
188 رنز کے تعاقب میں ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکی۔فاتح ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو نصف سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور اس کے دونوں اوپنرز 45 کے مجموعے پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کامران اکمل 3 اور کپتان بابراعظم 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر احمد شہزاد نے تیسری وکٹ کے لیے نوجوان بیٹر محمد اخلاق کے ہمراہ 26 رنز جوڑے۔ احمد شہزاد 4 چوکوں کی بدولت 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ سے محمد اخلاق نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
انہوں نے 35 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر سینٹرل پنجاب کے فینز کو فتح کی امید دلائی تاہم سینٹرل پنجاب کا کوئی بھی دوسرا بیٹر انہیں زیادہ اسپورٹ فراہم نہ کرسکا۔
اس دوران فہیم اشرف 6، حسین طلعت اور عثمان قادر 2، 2 جبکہ وہاب ریاض اور احمد صفی عبداللہ ایک ایک اسکور بناکر آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے 25 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ارشد اقبال ، عمران خان سینئر اور محمد وسیم جونیئر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا نے سینٹرل پنجاب کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے۔کپتان محمد رضوان 65 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے فخر زمان کے ہمراہ 67 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔
دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور وہاب ریاض، حسن علی، وقاص مقصود اور فہیم اشرف پر مشتمل سینٹرل پنجاب کی مضبوط فاسٹ باؤلنگ لائن اپ کے خلاف دس کی اوسط سے رنز بنائے۔
فخر زمان 3 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان محمد رضوان نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 40 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی۔
اُدھر عادل امین 18 اور صاحبزادہ فرحان 12 رنز بناکر پویلین واپس لوٹےتو تجربہ کار بیٹر افتخار احمد نے خیبرپختونخوا کی کمان سنبھالی اور 25 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 40 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا مجموعہ 180 کے پار پہنچا دیا۔ اس دوران محمد وسیم جونیئر بھی ایک چھکا لگا کر 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
مصدق احمد کھاتہ کھولے بغیر حسن علی کا شکار بن گئے۔سینٹرل پنجاب کے حسن علی نے 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد صفی عبداللہ اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


















