پرچوں کی مارکنگ میں غفلت برتنے والے اساتذہ کے خلاف کاروائی شروع

میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے پرچوں کی مارکنگ میں غفلت برتنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی شروع کردی۔
تفصیل کے مطابق محکمہ سکولز نے ایسے اساتذہ کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے جنہوں نے میٹرک او ر انٹر کے پرچوں کی مارکنگ میں غفلت برتی اور امیدواروں کو نمبروں سے محروم کیا۔
اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر خانیوال، گوجرانوالہ، شیخو پورہ اور ملتان کو جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مارکنگ کے دوران غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ان اساتذہ کو پہلے 6 جولائی کو طلب کیا گیا تھا مگر یہ پیش نہیں ہوئے، ان میں ندا منیر ڈویژنل پبلک سکول میاں چنوں، عامر شہزاد ہائی سکول ادھو والی نوشہرہ ورکاں، نویدہ واصفی شیخوپورہ اور مختیار احمدملتان شامل ہیں۔
ایک بار پھر ہدایت کی جاتی ہے کہ متعلقہ ریکارڈ تحریری دفاعی جواب کے ساتھ مذکورہ عملے/اساتذہ کی موجودگی کو یقینی بنائیں جبکہ کنٹرولر آف ایگزامینیشن، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، ملتان بھی متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ تحقیقات کی کارروائی شریک ہوں۔
آئندہ اجلاس 14 جولائی کو منعقد ہوگا، جس میں سب کی شرکت لازمی ہے ورنہ تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔




















