چہلم حضرت امام حسین پر موبائل فون سروس بند رکھنے کا اعلان

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقع پر فوج اوررینجرز تعینات کرنے سمیت موبائل سروس بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے ایک ہی بیانیہ ہے ، افغانستان سے ہم نے 16 ہزار لوگوں کا انخلاء کیا ہے ، چار ہزار لوگ طورخم سے واپس گئے ہیں ، ہم افغانستان میں امن واستحکام چاہتےہیں، کیونکہ افغانستان کے امن کا براہ راست پاکستان سے تعلق ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 30اکتوبر تک 2 پاسپورٹ اور 2 شناختی کارڈ، اور ویزے کی مدت ختم ہونے والوں چھوٹ دے رہے ہیں ، ایسے لوگ کسی ایک پاسپورٹ یا شناختی کارڈ کو رکھ سکتے ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ بلاگر بلال کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، قتل کی وجہ مسلک تھی یوٹیوبریا وی لاگر ہونا نہیں۔
اسلام آباد کے ایک مدرسے کا مسئلہ چل رہا ہے ، انتظامیہ کا مدارس سے رابطہ رہتا ہے تاکہ افہام و تفہیم سے معاملات حل ہوں ،ہم چاہتے ہیں کہ اسلام آباد کے حالات نارمل رہیں، پاکستان ساری دنیا سے تعلقات بہتر رکھنا چاہتا ہے ، اسلام آباد میں511 مدارس ہیں ہرمعاملہ بات چیت سے حل کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی کاالزام اپوزیشن و دیگر لوگ دے رہے ہیں، شیشے کے محل میں بیٹھ کر شیخ رشید یا وزارت داخلہ پر پتھر نہ ماریں، نیوزی لینڈٹیم کو کابینہ نے پہلی بار آرمی کی سیکیورٹی فراہم کی، نیوزی لینڈمیں اتنی فورس نہیں ہوگی جتنی ہم نے ان کو سیکیورٹی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے جانے کا قوم کو دکھ ہے ، مایوسی کفر ہے ایک دن ساری ٹیمیں یہاں آکر کھیلیں گی، فائیو آئی اس وقت کہاں تھی جب نیوزی لینڈ پریکٹس کررہی تھی۔
شیخ رشید نے کہا کہ بھارت میں کورونا کے باعت بربادی ہوئی، کوئی کرکٹ میچ وہاں نہیں ہورہا، بھارت کے پاس 2 ہی خبریں ہیں ، ایک شیخ رشید اور دوسرا طالبان ، میں فوج کا ہوں فوج میری ہے ، میرے سیاچن جانے پر فوجی جوانوں نےخوشی کااظہار کیا اورنعرے لگائے۔
افغان بارڈرز مکمل طورپر محفوظ ہیں اور سیکیورٹی زبردست ہے ، پاکستان کے بارڈر محفوظ اور پرامن ہیں، ہم آزاد ملک ہیں، جے ایف تھنڈر 17 کی ڈیل اچھی بات ہے۔
ہمارے پاس نہ کوئی مہاجر کیمپ ہے اور نہ ہم نےکوئی مہاجر کیمپ بنایا سب پروپیگنڈا ہے ، یہ افغانی بھی جب چاہیں گےانہیں بھی واپس بھیجنےکی بات کی جائے گی، پاکستان خطے میں اہم کردار اداکررہاہے ، ہم پاکستان کی سلامتی ،ترقی کیلئے صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں گے۔
ہر الیکشن کے بعد کہاجاتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، وزیراعظم کا فیصلہ ہے ای وی ایم کو اسمبلی سے منظور کرایاجائے گا، یہ 52جلسے کررہےہیں الیکشن کی تیاری کررہےہیں اچھی بات ہے۔
اپوزیشن کو دعوت دیتاہوں ای وی ایم پر حکومت کیساتھ بیٹھیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن انڈر19 کی ٹیم ہے، اپوزیشن نیوزی لینڈ ٹیم کامعاملہ ہم پرڈال رہی ہے، اپوزیشن الیکشن تیاری کررہی ہے، وہ ای وی ایم پرحکومت سے بات کرے ، پاکستان کوانٹرنیشنل میڈیا کے ذریعے نقصان پہنچانےکی کوشش ہورہی ہے، دشمن پاکستان کو ہائبرڈ وار کے ذریعے نقصان پہنچاناچاہتاہے۔


















