زکریا یونیورسٹی : آفیسرز ایسوسی ایشن کا ایمپلائز یونین کے ساتھ اظہار یکجہتی

زکریا یونیورسٹی کی آفیسرز ایسوسی ایشن نے نو منتخب ایمپلائز یونین کے صدر ملک صفدر حسین، رانا مدثر اور دیگر عہدیداران کے مبارکباد دی او ر ریلی کی شکل میں انہیں پھول پیش کئے۔
ریلی کی قیادت آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر رانا جنگ شیر، جنرل سیکرٹری خلیل احمد کھور، شہزاد شاہ سمیت دیگر عہدیداران اور افسران نے کی۔
اس موقع پر آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر رانا جنگ شیر نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین اور افسران کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور تعاون یونیورسٹی کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے نئی منتخب ہونے والی ایمپلائز یونین ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گی اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر ادارے کی بہتری میں اپنا بھرپور حصہ ڈالے گی۔
جنرل سیکرٹری خلیل احمد کھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ آفیسرز ایسوسی ایشن اور ایمپلائز یونین کا مقصد مشترکہ طور پر ملازمین کے حقوق کا تحفظ اور ادارے میں خوشگوار ماحول کا فروغ ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی مشاورت اور اتفاق رائے کے ذریعے تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔
نو منتخب صدر ملک صفدر حسین نے آفیسرز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملازمین کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور یونیورسٹی کے وسیع تر مفاد میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔




















