Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

حزب اختلاف کی جماعتیں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے پیش کئے گئے آئینی ترمیمی بل کی حمایت کریں،شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے پیش کئے گئے آئینی ترمیمی بل کی حمایت کریں، صوبے کے قیام کیلئے ہم نے دوسری جماعتوں کی طرح آنسو نہیں بہائے، عملی اقدامات کرکے دکھائے ہیں، وزیراعظم کے خلاف حزب اختلاف کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آئینی ترمیمی بل کو پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اس بل کا جائزہ لے کر اس کی منظوری دی ، جس کے بعد سرکولیشن کے ذریعے کابینہ ممبران سے اس کی منظوری لی گئی، جنوبی پنجاب صوبے کا قیام پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 28 مارچ کو قومی اسمبلی کے ایجنڈے پر جنوبی پنجاب صوبے کا آئینی ترمیمی بل لایا جا رہا ہے، یہ جنوبی پنجاب کے تین چار کروڑ لوگوں کیلئے خوش آئند پیشرفت ہے، موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ کیلئے قواعد و ضوابط وضع کئے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنایا اور اس کیلئے فنڈز مختص کئے، ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹس میں مختلف افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے پیش کئے گئے آئینی ترمیمی بل کی حمایت کریں۔

یوسف رضا گیلانی کو اگر صوبہ چاہئے تو وہ ہمارے اس بل کو ووٹ دیں، اگر وہ مخلص ہیں تو مگرمچھ کے آنسو بہانے کی بجائے سنجیدگی سے اس ترمیم پر ہمارا ساتھ دیں، آپ نے بحیثیت وزیراعظم جنوبی پنجاب کے عوام کو لولی پاپ دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جس نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام پیش کیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی دعویٰ کرتی ہے کہ وہ اس صوبے کے حق میں ہے، حکومت اور اس کی حلیف جماعتیں اس ترمیم کے حق میں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اس کی حمایت کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقامی لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اس سے وفاق مزید مضبوط ہوگا، وفاق کی چھوٹی اکائیوں کی محرومیوں کا خاتمہ ہو گا، جنوبی پنجاب کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ارکان قومی اسمبلی سے درخواست کریں کہ وہ ان کے بچوں کے مستقبل کیلئے اس کا ساتھ دیں، جنوبی پنجاب کے شہری، خواتین اور دانشور اس بل کی حمایت کیلئے آگاہی پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام میں تاخیر نہیں کی۔ قائد حزب اختلاف نے بل پڑھے بغیر اسے دھوکہ قرار دیا اور اس کے خلاف بے بنیاد تنقید کی، یہ بل قائمہ کمیٹی میں جائے گا، وہاں یہ اپنی تجاویز دے سکتے ہیں، قائمہ کمیٹی میں اتفاق رائے کے بعد اسے قومی اسبملی میں پیش کیا جا سکتا ہے، ہم حکومت میں ہوئے یا نہ ہوئے اس بل کی حمایت کریں گے، پہلے یہ کہتے تھے کہ ووٹ کو عزت دو، اب ان کا یہ نعرہ ہے کہ وہ ووٹ کو نوٹ دو۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف حزب اختلاف کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کی تحریک کا جمہوری، آئینی اور سیاسی انداز میں مقابلہ کریں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button