زکریا یونیورسٹی میں کار حادثہ

زکریا یونیورسٹی میں حمزہ ہال کے سامنے ایک کار تیز رفتاری کے باعث بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں کار کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق تصادم کے بعد کار بجلی کے کھمبے میں کسی حد تک پھنس گئی تھی، جس کے باعث فوری طور پر متعلقہ عملے کو طلب کیا گیا کار کی ٹکر سے ٹرانسفارمر بھی زمین پر گر گیا، جس پر حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل کر دی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
یونیورسٹی انتظامیہ اور تکنیکی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جہاں سب سے پہلے کار کو احتیاط سے نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی ہٹانے کے بعد بجلی کے کھمبے اور تاروں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی، اور ضروری مرمت کے بعد بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
انتظامیہ نے طلباء اور اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ جائے حادثہ کے قریب غیر ضروری رش سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں، تاکہ بحالی کا عمل بلا رکاوٹ مکمل کیا جا سکے۔



















