پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں گر کر تباہ، دونوں پائلٹس سمیت 6 اہلکار شہید

پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں گر کر تباہ ہوگیا ، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں گر کر تباہ ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں دونوں پائلٹس سمیت 6اہلکار شہید ہوگئے، پاک آرمی ایوی ایشن کاہیلی کاپٹرفلائنگ مشن پر تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ شہدا میں میجر محمد منیب افضل اور میجر خرم شہزاد ، نائیک جلیل، صوبیدار عبدالوحید، سپاہی محمدعمران اور سپاہی شعیب شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 39سالہ میجر خرم شہزاد اٹک کے رہائشی تھے ، ان کی ایک بیٹی ہے، جبکہ 30 سالہ میجر محمد منیب راولپنڈی کے رہائشی تھے ، ان کے دو بیٹے ہیں۔
شہید ہونے والے 44 سالہ صوبیدارعبدالوحید کرک کے رہائشی تھے ، اور ان کے چار بچے ہیں ، 30 سالہ نائیک جلیل کھاریاں کے رہائشی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔
اسی طرح 27سالہ سپاہی محمد عمران خانیوال کے رہائشی تھے ، اور ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، 35سالہ سپاہی شعیب جنڈ اٹک کے رہائشی تھے ان کا ایک بیٹا ہے۔




















