پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ سیریز: پہلے دن باؤلرز کا پلڑا بھاری، پاکستان کے 211 کے جواب میں جنوبی افریقہ کے 3 وکٹوں پر 82 رنز
پہلے دن 13 وکٹیں گر گئیں، میزبان ٹیم کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگ میں پاکستان کی ٹیم57.3 اوورز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے جبکہ 129 رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے۔
سینچورین میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
محتاط انداز میں آغاز کرنے کے باوجود پاکستانی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بولنگ کا زیادہ دیر تک سامنا نہ کر سکی اور 211 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے کامران غلام نے اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی اور 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عامر جمال 28، محمد رضوان 27، کپتان 17، سعود شکیل 14، صائم ایوب 14، خرم شہزاد 11، بابر اعظم 4 اور نسیم شاہ بنا کوئی رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد عباس 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5، کوربن بوش نے 4 اور مارکو جینسن نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلے دن کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے۔ ٹرسٹن اسٹبز 9، رائن رکلٹن 8 اور ٹونی ڈی زورزی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کو ابھی 129 رنز کا خسارہ پورا کرنا باقی ہے اور اس وقت کریز پر ایڈن مارکرم 47 اور کپتان ٹیمبا بووما 4 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 2 جبکہ محمد عباس نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔