بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ : پاکستان اور بنگلہ دیش فائنل میں پہنچ گئے
پاکستان اور بنگلہ دیش کی بلائنڈز کرکٹ ٹیمیں چوتھے ٹی ٹوینٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیپال کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیپال نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنائے، درگا دتہ نے 42 بالز پر 40 رنز بنائے، رامیش نے 30 بالز پر 17 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کئے۔
پاکستان کی جانب سے مطیع اللہ نے 4 اوورز میں صرف 5 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف صرف 5.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے مکمل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے کامران اختر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 بالز پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 63 رنز اور بابر علی نے 32 رنز بنائے، کامران اختر نے صرف 14 بالز میں ففٹی بنا کر ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی تیز ترین ففٹی کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے سیکریٹری جنرل ریمنڈ موکسلے (Raymond Moxley) نے چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ کے ہمراہ کامران اختر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6رنز سے ہرا دیا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان 244 رنز بنائے، سری لنکا کی جانب سے سلو اوور ریٹ پر بنگلہ دیش کو 6 رنز پنلٹی کی صورت میں اضافی دیئے گئے۔
بنگلہ دیش کے محمد سلمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 49 بالز کھیل کر 14 چوکوں کی مدد سے 97 رنز سکور کیے، عارف حسین نے 10 چوکوں کے ساتھ 81 رنز 56 بالز پر بنائے۔
جواب میں سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر 238رنز بنائے۔
چندانہ نے54 بالز پر 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی دنیش نے28 بالز پر 35 رنز بنائے، محمد سلمان مین آف دی میچ قرار پائے۔
ورلڈ کپ کا فائنل مورخہ 3 دسمبر بروز منگل صبح گیارہ کو کھیلا جائے گا۔