ایشیا کپ : پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستانی ٹیم نے بھارت کے خلاف ہدف ایک گیند پہلے ہی حاصل کر لیا، یو اے ای کی سرزمین پر قومی ٹیم نے ٹو ٹوئنٹی میں دوسری مرتبہ سب سے زیادہ رنز کا ہدف حاصل کیا۔
پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو کپتان بابر اعظم 14 اور فخر زمان 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد رضوان اور محمد نواز کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔ محمد نواز کے 42 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان بھی 71 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
خوشدل شاہ اور آصف علی کے درمیان 33 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن یہاں آصف علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 20ویں اوور کی پانچویں گیند پر افتخار احمد نے دو رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
WHAT A WIN 🤩
Pakistan defeat India by 5️⃣ wickets with just one ball to spare! 🎊💪#AsiaCup2022 | #INDvPAK pic.twitter.com/cvNOwHmHrD
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 4, 2022
بھارت سے فتح کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان ٹیم کو مبارکباد دی جبکہ دیگر سیاسی رہنماوں کی جانب سے بھی قومی ٹیم کو مبارک دی گئی۔
بھارتی اوپنرز کی جانب سے جارحانہ آغاز کیا گیا تاہم کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول 28، 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سوریا کمار 13 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ریشب پنت 14 رنز اور ہاردیک پانڈیا دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ دیپک ہوڈا 16 رنز اور ویرات کوہلی 60 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہنواز دھانی سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہونے کے بعد دستیاب نہیں تھے اور جبکہ بھارتی آل راؤنڈر روندر جدیجہ بھی انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔
قومی ٹیم نے شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا تھا ،جبکہ بھارتی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی تھیں۔
جس میں ہاردیک پانڈیا کی واپسی ہوئی جبکہ ریشب پنت، دیپک ہوڈا ور روی بشنوی کو شامل کیا گیا۔
پاکستان کی ٹیم کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، نائب کپتان شاداب خان، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد حسنین پر مشتمل تھی، جبکہ بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، نائب کپتان کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشب پنت، دیپک ہوڈا، ہاردیک پانڈیا، بھونیشور کمار، روی بشنوی، یزویندر چہل، ارشدیپ سنگھ شامل تھے۔


















