پی سی سی سی گورننگ باڈی نےملازمین کی نئی تنخواہ جاری کرنے کا حکم دے دیا

وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کی سربراہی میں ہونے والے پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے گورننگ باڈی اجلاس میں کئی سالوں سے منجمد پی سی سی سی سی ملازمین کی نئی تنخواہ جاری کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، جس سے پی سی سی سی ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
انہوں نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر سید فخر امام کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے، اور ساتھ ہی وائس پریذیڈنٹ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر محمد علی تالپور کی کاوشوں کو بھی کافی سراہا ہے۔
گزشتہ روز وزارت فوڈ سیکیورٹی سے جاری ہونے والے پی سی سی سی گورننگ باڈی اجلاس کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پی سی سی سی ملازمین کے پچھلے تین سالوں کے ایڈہاک ریلیف کی مد میں نئی تنخواہ کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کردیا گیا ہے ، جبکہ گزشتہ برسوں کے ایڈ ہاک ریلیف کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے وزارت فوڈ سیکیورٹی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ملازمین کو بنیادی پے سکیل پر سال2018 کا10فیصد، سال 2019 کا 5فیصداور رواں برس2021کا 10فیصد نئے سال 2022 کے آغاز پر یکم جنوری سے نئی تنخواہ میں شامل کردیا گیا ہے۔
جبکہ گزشتہ برس وفاقی حکومت کی جانب سے دیگر وفاقی وزارتوں کے ملازمین کو دیا جانے والا 25 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس اور50 فیصد ہاؤس رینٹ کی منظوری کے لئے سمری وزارت فنانس ڈویزن بھجوا دی گئی ہے۔
پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی نے چونکہ گورنمنٹ پے اسکیل اپنایا ہوا ہے اس لئے پی سی سی سی ملازمین کے لئے وزارت فنانس ڈویزن کی جانب سے مذکورہ الاؤنسز کی بھی منظوری جلد متوقع ہے۔



















