پاکستان پیس کرکٹ لیگ کا ٹائٹل بوائز ٹیم ملتان شاہینز اور گرلز ٹیم ملتان اینجلز نے جیت لیا

دی میڈیا فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پاکستان پیس کرکٹ لیگ کا ٹائٹل بوائز ٹیم ملتان شاہینز اور گرلز ٹیم ملتان اینجلز نے جیت لیا، جبکہ بوائز ٹیم ملتان ایگلز اور گرلز ٹیم ملتان کوئینز رنرز اپ رہیں۔
پیس کیپٹنز لیگ کے فائنل میچ 6 اگست 2022 کو بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوئے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز BZU پروفیسر فواد رسول، صدر سپورٹس BZU ڈاکٹر فرحان عظمت میر، جنرل سیکرٹری اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن فرخ ارسلان صدیقی، سی ای او سائنفائی زین بلوچ، مذہبی رہنما مولانا اکمل راشدی، محمد عبداللہ، قاری ہدایت اللہ رحمانی جامعہ اسلامیہ، خواجہ محمود الحسن اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
فائنل میچز اور تقسیم انعامات کی تقریب میں TMF کے ڈائریکٹر سپورٹس سوئی گیس محمد ہارون نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاکستان پیس کیپٹن ٹیم بشمول پروجیکٹ آفیسر فیضان علی خان، ثریا فیض، علی حسین بلوچ، امپائر محمد آصف، خاتون امپائر مس عائشہ شکور، کوچ علی عمر اور دیگر نے بھی ایونٹ میں شرکت کی۔
مہمان مقررین نے کھلاڑیوں اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی خود سپورٹس مین سپرٹ رکھتے ہیں ۔ وہ معاشرے میں امن کے بہترین سفیر ثابت ہوں گے۔
مہمانوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے امن کپتانوں میں انعامات تقسیم کئے۔
وجیہہ منیر (ملتان اینجلز کی کپتان) نے ویمن پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور ویمن آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا، اور محمد رضوان (ملتان شاہینز کے کپتان) نے مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیس کیپٹن ایک منفرد نعرہ ہے جس سے انہوں نے بے حد خوشی محسوس کی اور اس نعرے اور لیگ کے تحت کرکٹ کھیلنے کا اچھا تجربہ حاصل کیا۔
اس ایونٹ میں کھلاڑیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے میں امن، رواداری اور تنوع کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے ، اور پاکستان کے ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا کردار بخوبی ادا کریں گے۔


















