ٹرین حادثے کی انکوائری شروع

ملتان ڈویژن میں اسٹیشن آدم واہن (لودھراں اور بہاولپور کے درمیان) کے قریب کراچی جانے والی تیزگام ایکسپریس (8-ڈاؤن) کے پٹری سے اترنے کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کی تحقیقات فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلوے رضوان الحق ہاشمی کریں گے، جو واقعے کی تمام تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔
انکوائری کی کارروائی 26 اور 27 مارچ 2026 کو ڈی ایس آفس پاکستان ریلوے ملتان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگی، جو دونوں روز صبح 9 بجے شروع کی جائے گی۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے عوام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اس حادثے سے متعلق کوئی بھی شخص، جس کے پاس معلومات، ٹھوس شواہد یا وہ عینی شاہد ہو، وہ مقررہ تاریخوں پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا سکتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وہ افراد جو کسی وجہ سے انکوائری میں شرکت نہیں کر سکتے، وہ اپنی تحریری معلومات یا بیان 30 مارچ 2026 تک فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلوے کے دفتر، ریلوے ہیڈکوارٹر آفس، علامہ اقبال روڈ لاہور ارسال کر سکتے ہیں۔
پاکستان ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس واقعے کی شفاف تحقیقات کے ذریعے ذمہ داران کا تعین کر کے مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔


















