مسافروں کی کم تعداد، پاکستان ریلوے نے چار ٹرینیں عارضی طور پر معطل کر دیں

مسافروں کی کم تعداد اور آپریشنل اخراجات میں اضافے کے باعث پاکستان ریلوے نے ملتان ڈویژن سے گزرنے والی چار مسافر ٹرینوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق بڑھتی ہوئی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور کم مسافروں کی وجہ سے ٹرین آپریشن کو جاری رکھنا مشکل ہو گیا تھا، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان ملتان ڈویژن کے مطابق 15 اپ / 16 ڈاؤن کراچی ایکسپریس، 145 اپ / 146 ڈاؤن سکھر ایکسپریس اور 17 اپ / 18 ڈاؤن ملت ایکسپریس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح 3 اپ بولان میل بھی مذکورہ تاریخ کو نہیں چلائی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متبادل انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ ٹرینوں کی معطلی کے باعث مسافروں کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق 33 اپ / 34 ڈاؤن پاک بزنس ایکسپریس کو کراچی ایکسپریس (15 اپ / 16 ڈاؤن) کے ٹائم ٹیبل اور روٹ کے مطابق چلایا جائے گا، جبکہ 1 اپ خیبر میل کو سکھر ایکسپریس (145 اپ) کے مقررہ وقتِ روانگی کے مطابق روانہ کیا جائے گا۔
اسی طرح 41 اپ کو ملت ایکسپریس (17 اپ) کے ٹائم کے مطابق چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو متبادل سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ریلوے کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ بعض روٹس پر مسافروں کی تعداد بھی کم ہو گئی ہے۔ ان حالات کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے چند ٹرینوں کو عارضی طور پر معطل کر کے شیڈول میں رد و بدل کیا ہے۔
حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا تو معطل کی گئی ٹرینوں کو دوبارہ بحال کرنے کا امکان بھی موجود ہے۔




















