سماجی اور رفاہی تنظیموں کو ایک چھت کے نیچے اکھٹا کردیا، پاکستان تنظیمی اتحاد کا قیام
پاکستان تنظیمی اتحاد کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔تنظیم کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایم احسان خان سدوزئی چئیرمین، ڈاکٹر فاروق لنگاہ جنرل سیکرٹری، عرفان الحق حقانی میڈیا کوارڈینیٹر، جواد امین قریشی صوبائی صدر پنجاب، امجد بلوچ صوبائی صدر سندھ، محمد صائم صوبائی صدر، مس پلوشہ خان صوبائی صدر خیبر پختون خواہ ہوں گے، جبکہ ملک فیض رسول رجوانہ پاکستان تنظیمی اتحادکے چیف آرگنائزر کہ ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان تنظیمی اتحاد کے قیام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ایسی سماجی و رفاہی تنظیموں کو ایک چھتری تلے جمع کیا جائے ، جو رضاکارانہ طور پر معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لئے کوشاں و سرگرم ہیں۔ موجودہ زمانہ میں سماجی خدمت ایک کاروبار کی شکل اختیار کررہی ہے، ان حالات میں بھی ایسی تنظیمیں فعال ہیں جو اغیار کے تعاون کے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لا رہی ہیں۔
ضرورت اسی امر کی ہے کہ ہم متحد و یکجا ہو کر معاشرتی ترقی کے لئے جدوجہد کریں تاکہ انسانی زندگی کو آسان و سہل بنایا جا سکے۔
سماجی رہنماؤں نے کہا پاکستان تنظیمی اتحاد کی ملک بھر میں تنظیم سازی کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے مکمل ہونے پر آئندہ سال جنوری 2022میں ملک گیر کنونشن منعقد کیا جائے گا۔۔


















