یونیورسٹی سطح پر جانوروں کے حقوق کا پہلا باقاعدہ تعلیمی کورس متعارف کرانے کا فیصلہ

پاکستان میں پہلی مرتبہ یونیورسٹی کی سطح پر جانوروں کے حقوق سے متعلق ایک جامع اور باقاعدہ تعلیمی کورس متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یہ کورس 2026 میں کنیئرڈ لا اسکول میں شروع کیا جائے گا، جس کے تحت طلبہ کو بین الاقوامی جانوروں کے حقوق کے قانون کی تعلیم دی جائے گی۔
یہ منفرد کورس ملک کی پہلی اینیمل اینڈ انوائرمنٹ لا فرم انوائرنمنٹل اینڈ اینیمل رائٹس کنسلٹنٹس پاکستان کے اشتراک سے کروایا جائے گا کورس انڈرگریجویٹ سطح پر ایک مکمل سمسٹر پر مشتمل ہوگا، جس کے اختتام پر باقاعدہ امتحانات بھی لیے جائیں گے۔
کورس کے دوران طلبہ کو نہ صرف بین الاقوامی سطح پر جانوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود سے متعلق قوانین سے آگاہ کیا جائے گا بلکہ پاکستان میں اس حوالے سے موجود قانونی خلا، اس کے اسباب اور ممکنہ حل پر بھی نظری اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
کامیاب پراجیکٹ کے بعد اس کو جنوبی پنجاب اور پاکستان کے دیگر شہروں کی یونیورسٹیوں میں بھی شروع کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت جانوروں کے حقوق کے فروغ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگی، کیونکہ اس سے جانوروں کی فلاح و بہبود کو محض عدالتی چارہ جوئی تک محدود رکھنے کے بجائے رسمی قانونی تعلیم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے آئندہ نسل کے وکلاء کو اس قابل بنایا جا سکے گا کہ وہ جانوروں کے حقوق کا مؤثر قانونی دفاع کر سکیں اور اس شعبے میں قانون سازی اور وکالت کو مضبوط بنیادیں فراہم ہوں۔
یہ کورس پاکستان میں قانونی تعلیم کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ جانوروں اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔


















