تیسرا ون ڈے: پاکستان کی جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست، سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی
پاکستان نے 144 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 25.1 اوور میں حاصل کیا

پاکستان نے ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 144 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 25.1اوور میں حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 77 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بابر اعظم 27 اور فخر زمان 0 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔
محمد رضوان 32 اور آغا سلمان 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برجر اور جورن فورٹن نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 37.5 اوورز میں 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پروٹیز کی جانب سے کوانٹن ڈی کاک 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ لوان-ڈرے پریٹوریئس 39، نقابیومزی پیٹر 16، کپتان میتھیو برٹزکے 16، ڈونوون فریرا 7، جورن فورٹن 3، ٹونی ڈی زورزی 2، روبن ہرمن 1 جبکہ کوربن بوش اور لُنگی اینگیڈی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
ناندرے برجر 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد آفریدی اور سلمان آغا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دریں اثناء چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے 17 برس بعد اقبال سٹیڈیم میں سیریز جیت کر ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ کر دیں۔ کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ۔کپتان شاہین آفریدی اور تمام کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی ون ڈے سیریز جیتنے پر خصوصی مبارکباد دیتا ہوں۔
ابرار احمد نے شاندار باولنگ اور صائم ایوب نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرکے فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی فیصل آباد میں واپسی پر شائقین نے تینوں میچز میں بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔




















