پی سی بی نے26- 2025 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا؛ 12 نئے چہروں کی شمولیت، کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑی کیٹیگریز میں تقسیم، بابر، رضوان، شاہین بی کیٹیگری میں برقرار، 8 کھلاڑی کنٹریکٹ سے محروم، کوئی بھی کھلاڑی اے کیٹیگری میں جگہ نہ بنا سکا، مکمل تفصیل جانئے!

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2025-26 کے سیزن کے لیے 30 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس جاری کر دیے ہیں۔ اس مرتبہ کھلاڑیوں کو ان کی حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر کیٹیگری میں 10،10 کھلاڑی شامل ہیں۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک ہوگا۔ گزشتہ سال 27 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے گئے تھے، جبکہ اس سال یہ تعداد بڑھا کر 30 کر دی گئی ہے، جن میں 12 نئے چہرے بھی شامل ہیں۔
نئے کھلاڑیوں میں شامل:
احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا، اور سفیان مقیم۔
وہ کھلاڑی جو اپنی پرانی کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ان کی تعداد 9 ہے، جبکہ 8 کھلاڑیوں کو اس سال کنٹریکٹ نہیں مل سکا۔
کیٹیگری بی:
بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا۔
کیٹیگری سی:
عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، نعمان علی۔
کیٹیگری ڈی:
شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد، سفیان مقیم۔
پی سی ذرائع کا کہنا کے ہے کہ بورڈ کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ (27 سے 30 کھلاڑیوں) کرکے یہ واضح کر دیا کہ وہ زیادہ کرکٹرز کو مواقع دینا چاہتا ہے۔ یہ اقدام ٹیم کے پول کو وسیع کرنے اور نئے ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم دینے کی کوشش ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ نئے ٹیلنٹ کو ترجیح دی جائے گی ،حسن نواز، محمد حارث اور سفیان مقیم جیسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ PCB کی یوتھ کو آگے لانے کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
بہتر کارکردگی پر انعام کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔ پانچ کھلاڑیوں ابرار احمد، حارث رؤف، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاداب خان کو کیٹیگری B میں ترقی دی گئی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اچھی کارکردگی پر انہیں تسلیم کیا جا رہا ہے۔
تجربہ کار کھلاڑیوں کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے نو کھلاڑیوں کو ان کی سابقہ کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے، جس سے PCB کی جانب سے تسلسل اور کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔
ڈومیسٹک اور ابھرتے کھلاڑیوں کی شمولیت پر کہنا تھا کہ سلمان مرزا، احمد دانیال، محمد عباس آفریدی اور دیگر جیسے ڈومیسٹک پلیئرز کی شمولیت ظاہر کرتی ہے کہ PCB ٹیم بنانے میں صرف انٹرنیشنل ہی نہیں بلکہ ڈومیسٹک پرفارمنس کو بھی اہمیت دے رہا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ بھی کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں گے۔




















