فارمرز ایڈوائزری کمیٹی: پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ملتان کا تیرواں اجلاس:30 ستمبر تک کی سفارشات جاری

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا تیرواں اجلاس اجلاس منعقد ہوا ،جس کی صدارت ڈائریکٹر سی سی آر ملتان ڈاکٹر زاہدمحمودنے کی۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے زرعی ماہرین نے بھرپور شرکت کی اور ملکی سطح پر کپاس کی مجموعی صورتحال اور کپاس کی نگہداشت کا جائزہ پیش کیا گیا۔
اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کے لئے 30 ستمبر تک کی سفارشات پیش کی گئیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت کپا س کے لئے موسم انتہائی موزوں اور سازگار ہے ۔
اس موسم میں کاشتکار اچھی مینجمنٹ کے ذریعے بہتر پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت موسم کے سازگار ہونے کے ساتھ ساتھ کیڑوں مکوڑوں کے حملے کا بھی شدید خطرہ ہے۔ اس وقت سفید مکھی کے حملے میں کافی شدت پائی گئی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کاشتکارسفید مکھی سے بچاﺅ کی صورت میں پیلے لیس دار چپکنے والے پھندے بحساب 10عدد فی ایکڑ کے استعمال کی سفارشات پیش کی گئیں۔
سفید مکھی کے شدید حملہ کی صورت میں کاشتکار پائری پراکسفن500ملی لٹر یا پھر چار فٹ یا اس سے زائد قد والی کپاس کے لئےڈائی فینتھیران200ملی لٹر یا فلونیکا مڈ80گرام یا بیپروفیزن600گرام یا اسیٹا میپریڈ125ملی لٹر بحساب100لٹر پانی فی ایکڑ سپرے کریں۔
اجلاس میں بتایا گیا آج کل گلابی سنڈی کا حملہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
کپاس کے کاشتکار گلابی سنڈی کی مانیٹرنگ کے لئے 1جنسی پھندہ فی پانچ ایکڑلگائیں جبکہ مینجمنٹ کے لئے8جنسی پھندے فی ایکڑ کے حساب سے لگائے جائیں۔
گلابی سنڈی کا حملہ معاشی حد کو پہنچ جائے تو کاشتکار پہلا سپرے پروفینوفاس+سائپر میتھرین 600ملی لٹر بحساب 100لٹر پانی فی ایکڑکریں اور5-6دن کے وقفہ کے بعد دوسرا سپرے یا ڈیلٹا میتھرین + ٹرائی ایزوفاس600ملی لٹر بحساب100لٹر پانی فی ایکڑ کا سپرے کریں۔
اسی طرح کاشتکار5-6دن کے وقفہ سے تیسرا سپرے گیماسائی ہیلو تھرین100ملی لٹر بحساب100لٹر پانی فی ایکڑ سپرے کریں۔
اجلاس میں سی سی آر آئی ملتان کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل ،ڈاکٹر محمد ادریس خان ، ڈاکٹر فیاض احمد، ساجد محمود، ڈاکٹر رابعہ سعید اور جنیداحمد خان ڈاہا سائنٹفک آفیسرنے شرکت کی۔




















