8ویں کے امتحانات کے لئے فنڈز جاری، عارضی ڈیٹ شیٹ اور ایس او پیز بنادیے گئے

پیکٹا کے زیرِ اہتمام آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ حکومت نے امتحانات کے انعقاد کے لیے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
جاری کردہ ٹینٹیٹو ڈیٹ شیٹ کے مطابق امتحانات کا آغاز 5 مارچ 2026 سے ہوگا، 5 مارچ کو انگلش، 6 مارچ کو اردو، 9 مارچ کو سائنس اور 11 مارچ کو ریاضی کا پرچہ لیا جائے گا۔
پیکٹا کی جانب سے امتحانی عملے کے لیے باقاعدہ ایس او پیز بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ امتحانات کو شفاف، منظم اور میرٹ پر مکمل کیا جا سکے۔ایس او پیز کے تحت ہر امتحانی مرکز میں سکول ہیڈ کو بطور ریذیڈنٹ انسپکٹر تعینات کیا جائے گا، جبکہ سینئر سکول ٹیچر سپرنٹنڈنٹ کے فرائض سرانجام دیں گے۔
اسی طرح پرائمری اور ایلمینٹری سکول ٹیچرز بطور ٹیسٹ ایڈمنسٹریٹر ڈیوٹی انجام دیں گے۔ پیکٹا کے مطابق ہر امتحانی مرکز کے لیے عملے کا انتخاب آن لائن سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی قسم کی مداخلت یا جانبداری کا امکان ختم ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات کے پُرامن اور منظم انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور متعلقہ اضلاع کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔



















