Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

8ویں کے پرچوں کی آن لائن چیکنگ ہوگی، اساتذہ کی رجسٹریشن شروع

پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسسٹمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) نے جماعت ہشتم کے سالانہ امتحان 2026 کے لیے آن لائن مارکنگ کے تحت اسکرپٹ مارکرز کی رجسٹریشن شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں پیکٹا کی جانب سے پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی کابینہ کے 5 اگست 2025 کو ہونے والے 28ویں اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں پیکٹا کو ہدایت کی گئی تھی کہ جماعت ہشتم کا امتحان صوبہ بھر میں سالانہ بنیادوں پر ایک معیاری اور یکساں اسیسمنٹ فریم ورک کے تحت منعقد کیا جائے تاکہ طلباء کے نتائج اور تعلیمی معیار میں ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ جماعت ہشتم کے امتحانات مارچ 2026 کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں منعقد کیے جائیں گے۔ امتحانی پرچوں کی مارکنگ روایتی طریقہ کار کے بجائے آن لائن کی جائے گی، جس کے لیے حاضر سروس اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے اساتذہ کو لازمی آن لائن تربیت مکمل کرنا ہوگی۔ کامیاب مارکرز کو پیکٹا کی منظور شدہ شرح کے مطابق معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا۔

پیکٹا نے رجسٹریشن کے لیے واضح معیار مقرر کیا ہے۔ اس کے تحت متعلقہ مضمون میں کم از کم گریجویشن کی ڈگری لازمی ہوگی جبکہ کم از کم ایک سال کا پیپر مارکنگ کا تجربہ (ترجیحاً آن لائن مارکنگ) بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ رجسٹرڈ مارکر کے پاس کیمرہ/ویب کیم سے لیس کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ اور فعال انٹرنیٹ کنکشن ہونا لازمی ہوگا۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مارکنگ اسٹاف کی رجسٹریشن آن لائن سسٹم کے ذریعے مکمل کی جائے گی اور پیکٹا کا آئی ٹی یونٹ رجسٹرڈ اساتذہ کا مرکزی ڈیٹا بیس برقرار رکھے گا، حتمی انتخاب موک مارکنگ مشقوں کے نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ صرف وہی اساتذہ آن لائن مارکنگ کے اہل ہوں گے جو لازمی تربیت کامیابی سے مکمل کریں گے۔

پیکٹا نے واضح کیا ہے کہ آن لائن مارکنگ متعلقہ رجسٹرڈ مارکر خود انجام دے گا، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ مارکر کو بلیک لسٹ کیا جا سکتا ہے۔ رجسٹریشن کو سلیکشن کا حتمی حق نہیں سمجھا جائے گا اور ادارہ کسی بھی مرحلے پر بغیر وجہ بتائے کسی بھی مارکر کو شامل یا خارج کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

اہل سرکاری اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دیے گئے آن لائن لنک کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ جماعت ہشتم کے امتحانات 2026 کی آن لائن مارکنگ کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button