پیف کے طلباء کو انصاف تعلیمی کارڈ دینے کا تجویز

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 76واں اہم اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سردار آفتاب اکبر خان نے کی۔
اجلاس میں بورڈ ممبران ایم پی اے ثانیہ کامران،بیرسٹر سید رضا علی، بیرسٹر محمد احمد پنسوتہ،عظمٰی یوسف کنٹری ڈائریکٹر کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن، پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ سے خالد سلطان، سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ سے محمد سلمان، فنانس ڈیپارٹمنٹ سے عارف خان نیازی، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے نوید شاہ مرزا، لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ سے وسیم حیدر اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے ڈاکٹر انتظار حسین نے شرکت کی ، جبکہ بورڈ ممبراور ایم این اے شاندانہ گلزار خان اجلاس میں آن لائن شریک ہوئیں۔
ایم ڈی پیف اسد نعیم نے اجلاس کے دوران بورڈ ممبران کو منظوری کے لیے مختلف ایجنڈے پیش کیے۔
اجلاس میں ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اجلاس کے دوران بورڈ ممبران کو پیف کے سکولوں میں پڑھنے والے 25لاکھ سے زائد طالبعلموں کو خصوصی شناخت کے لیے ”انصاف تعلیمی کارڈ“ فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
ایم ڈی پیف نے بورڈ ممبران کو پیف کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ چیئرمین پیف سردار آفتاب اکبر خان نے کہا کہ پیف انتظامیہ نے دن رات محنت کر کے پارٹنرز کے پیمنٹس اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار سے درخواست کی ہے کہ اگر پیف کا بجٹ مزید 6ارب روپے بڑھایا جائے تو پیف پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مزید 9 لاکھ آوٹ آف سکول بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس موقع پر ایم پی اے ثانیہ کامران نے کہا کہ پیف کا تعلیمی نظام بہت صاف اور شفاف ہے اور پیف پارٹنرز کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیف ٹیم محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم کے میدان میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور پنجاب کے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔
اجلاس میں پیش کئے گئے تمام ایجنڈوں پر تفصیلی بحث کی گئی۔


















