پیف کی اپیلٹ کمیٹی کا اجلاس،سکولوں کی پارٹنرشپ بحال

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین سردار آفتاب اکبر خان کی سربراہی میں اپلیٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ ہوئی جس میں بورڈ ممبر بیرسٹر احمد پنسوتہ نے بطور ممبر اپلیٹ کمیٹی شرکت کی۔
میٹنگ چار گھنٹے جاری رہی جس میں 4ایف اے ایس، 4این ایس پی اور 2ای وی ایس پروگرام سے تعلق رکھنے والے کینسل شدہ سکول مالکان کو سنا گیا جبکہ تین پیف ملازمین کی اپیلیں بھی زیر سماعت لائی گئیں۔ میٹنگ میں ڈیڑھ سال سے التواتمام اپیلوں کو ایک ہی نشست میں سنا گیا اور میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے چند سکولوں کی پارٹنر شپ کو موقع پر بحال کر دیا گیا۔
اس موقع پر بیرسٹر محمد احمد پنسوتہ نے کہا کہ پیف کا مقصد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے معیاری تعلیم کا فروغ ہے۔ ہمارا مقصد کسی طور پر سکولوں کو کینسل کرنا نہیں ہے تاہم سکول مالکان پیف کے قوانین اور ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فروغ تعلیم میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کوشش کر ے گی کہ جتنی اپیلیں پیف میں موصول ہوں انکو جلد از جلد پیف کے مروجہ قوانین کے مطابق نمٹایا جائے۔
چیئرمین پیف سردار آفتاب اکبر خان نے کہا کہ اپلیٹ کمیٹی کی تشکیل سے پارٹنر سکولوں اور پیف ملازمین کے تحفظات کو وقت پر سنا جا سکے گا جبکہ اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا کہ کمیٹی کے فیصلے سو فیصد انصاف پر مبنی ہوں اور کسی بھی پارٹنر سکول یا پیف ملازم کی حق تلفی نہ ہو۔
میٹنگ میں ڈپٹی ایم ڈی (آپریشن)شاہد اسماعیل مرزا، ڈپٹی ایم ڈی (سپورٹ سروسز)سید ساجد ترمذی اور ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن زبید الحسن بھی موجود تھے۔



















