رمضان بازاروں میں عوام کا جم غفیر

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ صیام کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے سجائے رمضان بازاروں میں عوام کا جم غفیر دیکھنے میں آرہا ہے ، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد اشیاءخوردونوش پر سبسڈی سے مستفید ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے مزید انتظامات بہتر بنائیں گے، تاکہ عام مارکیٹ کی نسبت شہریوں کو رمضان بازاروں میں واضح فرق دکھائی دے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف رمضان بازاروں کے اچانک دورے کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کی، اور سہولیات بارے دریافت کیا۔
اسسٹنٹ کمشنرز خواجہ عمیر محمود اور عامر افتخار بھی انکے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ چینی اور آٹے کی بلاتعطل فراہمی کے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ شہریوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔
رمضان بازار ماہ صیام میں عوامی ریلیف کا بہترین ذریعہ ہیں اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر 11 رمضان بازاروں میں مثالی سہولیات فراہم کی ہیں۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ بزرگوں کیلئے انتظار گاہیں اور طبی امداد کی سہولت بھی دی گئی ہے، جبکہ آخری عشرے میں عید بازار بھی قائم کرینگے۔
دریں اثناء خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں نے رمضان بازاروں کے ریٹس پر اظہار اطمینان کہا ہے اور کہا ہے کہ عام مارکیٹ کی نسبت سستی اور معیاری اشیاءکی فراہمی پر حکومت کے شکر گزار ہیں۔


















