پیرا فورس کی ملتان میں کاروائی، دوکاندار تالے لگا کر فرار
کاروائی کے لئے کوئی دوکاندار اور ریڑھی والے نہ ملنے پر پیرا فورس کی بھی واپسی، پیرا کے جاتے ہی دوکاندار اور ریڑھی بان کے دوبارہ ڈیرے۔ "ڈی رپورٹرز" متعدد بار ناجائز تجاوزات اور ریڑھی والوں کی جانب سے سپیکر چلا کر چیزیں بیچنے کی نشان دہی کر چکا

پنجاب بھر کی طرح ملتان میں بھی پنجاب انکروچمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں ناجائز تجاوزات ، ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے۔
ایک دلچسپ صورتحال گزشتہ روز اس وقت دیکھنے میں آئی جب پیرا افسران عملے کے ہمراہ ملتان کینٹ کے علاقے قاسم بیلہ پہنچے تو مین روڈ پر موجود تمام دوکاندار اپنی دکانوں کو تالے لگا کر موقع سے غائب ہوگئے اور ریڑھی والوں نے گلیوں میں پناہ لے لی، اس موقع پر خریداری کے لئے آنے والوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا وہ روڈ پر اکھٹے ہوگئے۔
جب افسران نے صورتحال دیکھی تو آپسی فیصلہ کرتے ہوئے واپسی کی راہ لے لی کہ جب دوکاندار ہی موجود نہیں ہیں تو کاروائی کس کے خلاف کریں۔
پیرا فورس کے جاتے ہی تمام دوکان دار اور ریڑھی والے اپنے سامان کے واپس سٹرک پر آگئے۔
یاد رہے کہ "ڈی رپورٹرز” متعدد بار تجاوزات اور ریڑھی والوں کی جانب سے اونچی آواز میں سپیکر چلانے کے خلاف رپورٹ کر چکا ، جس پر حکام کی جانب سے عارضی طور پر ایکشن لیا جاتا یے اور پھر ان کو ہلکا جرمانہ یا وارننگ دیکر چھوڑ دیا جاتا یے۔
اہل علاقہ نے مستقل بنیادوں پر کاروائی کا مطالبہ کیا ہے، کہ پل کے نیچے دھماکہ چوک جہاں بااثر لوگ قبضہ کرکے بیٹھے ہیں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔



















