ہارڈ شپ بنیاد پر ٹرانسفر درخواستوں کی ذاتی سماعت کا فیصلہ

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ای ٹرانسفر پالیسی 2024 کے تحت اہم اقدام کرتے ہوئے ہارڈ شپ بنیاد پر ٹرانسفر درخواستوں کی ذاتی سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ کے ٹرانسفر کیسز کی مؤثر جانچ کے لیے سکروٹنی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے ایک الگ کمیٹی جبکہ گریڈ 16 تک کے ملازمین کے لیے علیحدہ سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن دونوں کمیٹیوں کے کنوینر مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ اضلاع کے سی ای اوز بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ کمیٹیاں اساتذہ کی اپیلوں کا کیس بہ کیس جائزہ لیں گی اور 10 دن کے اندر اپنی سفارشات جمع کرانے کی پابند ہوں گی۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ای ٹرانسفر پالیسی میں حالیہ ترمیم کے بعد اب تمام اپیلوں کی باقاعدہ سماعت کی جائے گی، جس سے اساتذہ کے ٹرانسفر کے عمل میں شفافیت اور بروقت فیصلے ممکن ہوں گے۔



















