پاکستان میں ہاکی کا نیا جنم، پہلی پاکستان پریمئر لیگ کرانے کا اعلان
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کا نیا جنم ہو رہا ہے، 2024 ہاکی کا سال ہے، پاکستان کی پہلی ہاکی پریمئر لیگ کرائیں گے، گراس روٹ لیول پر ہاکی کےلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، وہ ملتان میں نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں ہاکی اکیڈمی کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں ہاکی کے کھیل کو نظر انداز کیا گیا، جس کی وجہ سے یہ کھیل ختم ہوکر رہ گیاش اولمپکس میں شرکت نہ کرنے کا افسوس ہے مگر اب درست راستے پر چل رہے ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
اس وقت ہاکی فیڈریشن کے پاس کوئی بھی فنڈز نہیں ہے، اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کررہے ہیں، اذلان شاہ ٹورنامنٹ کی پرفارمینس نے ثابت کردیا کہ ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، اس لئے ان کی مدد کرنا ہوگی اور ان کو کھیلنے کے مواقع دینے ہوں گے، جس کےلئے نئی اکیڈمیاں بنائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آخر میں پہلی ہاکی لیگ کرائیں گے، جس کے اچھے نتائج نکلیں گے جلد ہی کوچ ہائر کئے جارہے ہیں جس کے بعد پاکستان میں ہاکی کی کوچنگ کے کورسز بھی کروائے جائیں گے، جس کے بعدان کوچز کو اکیڈمیز میں تعینات کیا جائے گا۔
جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ڈیرہ غازی خان میں جو آسٹروٹرف لگایا گیا ہے اس جیسا گروانڈ پورے صوبے میں نہیں ہے، جلد ہی ایک بڑا ٹورنامنٹ ڈیرہ غازی خان میں کرایا جائے گا۔ اس طرح ملتان میں یہ پاکستان کی پہلی 5 اے سائیڈ ہاکی اکیڈمی ہے، یہ سلسلہ اب چلتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے ہاکی کو فروغ دینا ہے، ہم ایسی اکیڈمیوں کو ہر طرح کی ٹیکنکل سپورٹ فراہم کریں گےز ایسی اکیڈمیوں کا قیام خوش آئند ہے جس کو فیڈریشن سپورٹ کرتی رہے گی۔