پنک گیمز : انٹر ڈویژن مقابلے 11 فروری سے شروع ہوں گے

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کی خواتین کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ جات منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں عطا الرحمن خان ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان نے ملتان ڈویژن کے ڈسڑکٹ اینڈ تحصیل سپورٹس آفیسر کوچزکے ساتھ زوم میٹنگ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر محکمہ یوتھ افئیرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے زیر اہتمام خواتین کھلاڑیوں کے درمیان پنک گیمز گیارہ فروری 2026 تا 15فروری 2026 تک انٹر ڈویژن منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلہ میں پندرہ مختلف کھیلوں کے مقابلہ منعقد کیے جائیں گے، جن میں صرف وہ خواتین کھلاڑی جو کہ کسی ادارہ سے تعلق نہ رکھتی ہوں وہی شرکت کی اہل ہونگی، ان مقابلہ جات میں شامل کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم بنائی جائے گی جو کہ ڈویژن لیول پر ہونے والے مقابلہ جات میں شرکت کرینگی۔
پنجاب حکومت کا وزیر اعلی مریم نواز کی سربراہی میں خواتین کھلاڑیوں کی ترقی اور معاشرے میں ان کو صیح مقام سے روشناس کرانے اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے یہ ایک احسن اقدام ہے، جس میں شامل خواتین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہترین مواقع میسر آسکیں گے، پچھلے سال بھی ان گیمزکا انعقاد کیا گیا تھا جس میں لاہور سے تعلق رکھنے والی یونیورسٹی کی طالبات نے شرکت کی تھی لیکن اس سال یہ ایونٹ ڈویژن لیول پر منعقد کیے جارہے ہیں تاکہ پنک گیمز کے ذریعے عام خواتین کھلاڑیوں کو بھی ترقی کے مواقع میسر آسکیں۔
پنک گیمزمیں آرچری، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، باکسنگ، ہاکی، ووشو کراٹے، ماس ریسلنگ، ٹیبل ٹینس، تیکوانڈو، والی بال، رگبی، چیس، ویٹ لفٹنگ اور پیڈل ٹینس سمیت سولہ گیمز شامل ہیں۔
اس سلسلہ میں ملتان ڈویژن میں بھی ان گیمزکے حوالے سے بھرہور تیاری کی جائے گی۔




















