نیشنل لائسنسنگ امتحان آج سے شروع ہوگا, زکریا یونیورسٹی سنٹر میں تیاریاں مکمل

پاکستان میڈیکل کمیشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں نیشنل لائسنسنگ امتحان آج 29 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
اس امتحان میں ملک بھر سے ایسے ڈاکٹرز امیدوار ہیں جنھوں نے بیرون ملک سے ایم-بی-بی-ایس کی ڈگری حاصل کی ہے۔
ملتان اور اس کے گرد و نواح کے لئے بہاءالدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کو سینٹر بنایا گیا ہے جس کی تشکیل میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا تعاون شامل ہے۔
بہاءالدین زکریا یونیورسٹی کی جانب سے چیئرمین شعبہ مکینیکل انجینئرنگ ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی مرکز پر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں , جس میں وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر رانا الطاف اور پاکستان میڈیکل کمیشن کے سینئر رکن ڈاکٹر ناصر کا خاص تعاون شامل ہے۔
یہ امتحان ملتان سنٹر میں تین روز جاری رہے گا جس کے ممتحن ایف سی پی ایس ڈاکٹرز ہوں گے۔ اس امتحان میں زبانی امتحان کے علاوہ عملی طور پر مریضوں پر امتحان لیا جائے گا۔ ملتان سنٹر میں سو سے زائد امیدواران کی شرکت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ اس امتحان کے پاس کرنے کے بعد ہی امیدوار ڈاکٹروں کو پاکستان میں میڈیکل پریکٹس کی اجازت ہوگی۔


















