پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ : پولیس کو ذمے داریاں تفویض کردی گئیں

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کی صدارت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ، جس میں ریجنل پولیس آفیسر ملتان جاوید اکبر ریاض، ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبر، سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر، اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے کہا کہ پر امن سیاسی سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے بھی پولیس اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کو صوبہ پنجاب کی حدود میں داخل ہوتے ہی پنجاب پولیس حفاظتی فرائض سنبھال لے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اس بارے میں اپنی حکمت عملی سے ماتحت افسران کو بھی آگاہ کردیں، پولیس پر امن سرگرمیوں میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی اور لانگ مارچ میں پارٹی قائدین اور شرکاء کو مکمل تحفظ دیا جائے گا ۔
تاہم جہاں نقص امن کا خطرہ ہو پولیس اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری کو پورا کرے گی۔



















