پرائیویٹ سکولوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

پنجاب میں ہزاروں پرائیویٹ سکولوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت پرائیویٹ اسکولوں کی رجسٹریشن کی مدت میں چار سال کا اضافہ کیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے مطابق رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کے بعد اب نجی تعلیمی اداروں کو پانچ سال کے لیے رجسٹریشن جاری کی جائے گی، جبکہ اس سے قبل یہ مدت صرف ایک سال تک محدود تھی، جس کے باعث اسکولوں کو انتظامی امور اور تعلیمی بورڈز سے الحاق کے عمل میں شدید مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔
ذرائع کے مطابق رجسٹریشن کی مدت میں اضافے سے نہ صرف پرائیویٹ اسکولوں کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ تعلیمی بورڈز سے الحاق کے عمل میں بھی نمایاں آسانی پیدا ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے رجسٹریشن کمیٹی میں تمام اضلاع سے ایک ایک پرائیویٹ اسکول کے نمائندے کو شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل اور تجاویز کو براہ راست پالیسی سازی کا حصہ بنایا جا سکے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کے لیے سمری پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جسے جلد وزیر اعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
سمری کی منظوری کے بعد باقاعدہ طور پر پرائیویٹ اسکولوں کو پانچ سال کے لیے رجسٹریشن جاری کر دی جائے گی، جس سے صوبے بھر کے نجی تعلیمی اداروں کو انتظامی سہولت، تعلیمی تسلسل اور طویل المدتی منصوبہ بندی میں نمایاں مدد ملنے کی توقع ہے۔




















