پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب آج ہوگی
صوبہ بھر کے میٹرک امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو آج انعامات سے نوازا جائے گا، ملتان بورڈ کے طلبا وطالبات لاہور روانہ ہوگئے۔
تفصیل کے مطابق پنجاب بھر کے پوزیشن ہولڈرز کیلئے 25 کروڑ روپے تک کے انعامات رکھے گئے ہیں، وزیر اعلی کی جانب سے کل میٹرک پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب ہوگی، تقریب کے دوران گزشتہ چار سالوں کے پوزیشن ہولڈرز کو سکالرز شپس اور میڈلز دیئے جائیں گے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے میٹرک امتحان میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں لاہور میں ہونے والی تقریب میں شرکت کے لئے تعلیمی بورڈ ملتان کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کا قافلہ لاہور روانہ ہو گیا، لاہور روانگی کے وقت طلبہ وطالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا۔
اس موقع پر طلبہ وطالبات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے ہمارے اعزاز میں تقریب منعقد کرنا ہمارے لئے فخر اور خوشی کی بات ہے۔
والدین اور اساتذہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سطح پر اس طرح کی تقریب پہلی دفعہ منعقد کی جا رہی ہے، جو کہ انتہائی خوشی اور اعزاز کی بات ہے، روانگی سے قبل پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان خرم شہزاد قریشی کی قیادت میں پوزیشنز ہولڈرز طلباء و طالبات کے قافلہ کو پولیس سکواڈ اور پروٹوکول میں لاہور روانہ کیا گیا۔