بجلی بلوں میں 3گنا اضافے کیخلاف ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں احتجاجی مظاہرے
بجلی بلوں میں بنیادی ٹیرف میں 100 گنا اضافے اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے)فی یونٹ 11روپے بلوں میں شامل کرنے کے خلاف صارفین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، اور وہ سڑکوں پر نکل آئے۔
جنوبی پنجاب میں شہر شہر مظاہرے‘ دھرنے ہوئے‘ مظاہرین نے اہم سڑکیں اور چوک بلاک کردئیے، اور بجلی کے بلوں کوآگ لگا دی۔
ملتان میں گزشتہ روز چوک ڈبل پھاٹک‘ چوک چونگی نمبر 14‘سورج میانی‘ چوک شاہ عباس‘ میپکو دفاتر کے باہر ودیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔
مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں 3گنا سے بھی زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔
غریب سے غریب کا بل بھی 10ہزار روپے آگیا ہے۔پہلے ہی روٹی پوری نہیں ہوتی‘ اوپر سے بل کیسے ادا کریں۔
حکمران غریبوں کو ویسے ہی مارنے کا حکم جاری کردیں بھاری بلز بھرنے کی استطاعت نہیں‘ہمارے بچے بھوکے ہیں۔
حکمران اپنے اور بیوروکریسی کے شاہی اخراجات کم نہیں کرتےمہنگائی کی شدید لہر اور بچوں کے بھوک سے بلکنے کے باعث غریبوں کی خودکشیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھاری بلز ختم کئےجائیں، اور بجلی سستی کی جائے‘ یہی صورتحال رہی تو ملک میں کچھ نہیں بچےگا‘اگر غریب نہیں بچیں گے تو یہ حکمران بھی نہیں رہیں گے۔
ایک طرف بجلی کی قیمت لی جارہی ہے تو ساتھ ہی متعدد ٹیکسوں کے ساتھ ہی ایف پی اے کی مد میں الگ سے لوٹ کھسوٹ کی جا رہی ہے۔


















