پی ایس ایل کا میلہ سجنے کو تیار، ملتان سلطان کے کھلاڑیوں کی پریکٹس ، شہر محصور کردیا گیا

پاکستان سپر لیگ 2023 کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔
گذشتہ روز ملتان سلطان کے کھلاڑیوں نے پریکٹس کی تاہم باقاعدہ پریکٹس 10 فروری سے شرو ع ہوگی ، ٹیم کی ملتان سٹیڈیم روانگی اور واپسی پر شہر کی مرکزی شاہراؤں کو بلاک کردیا گیا، جس کی وجہ سے شہری خوار ہوگئے، ٹریفک سات بجے شام بحال ہوئی۔
آج باقی ٹیمں بھی ملتان پہنچ جائیں گی۔
دوسری طرف پی ایس ایل میلہ کے سلسلے میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم چمکانے کا کام بھی زوروں پر ہے، اور تمام پویلینز کی نشستوں کو پانی سے دھونے کا عمل جاری ہے۔
شائقین کرکٹ کی گاڑیوں کی پارکنگ کے ایریا کی لیولنگ مکمل کرلی گئی ہے ، جبکہ کرکٹ اسٹیڈیم جانیوالے روٹ پر روزانہ پانی کا چھڑکاو کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ شہر اولیاء میں پاکستان سپر لیگ کا میلہ سجنے کو تیار ہے ۔
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، جبکہ سیکورٹی کو بھی ریڈ الرٹ رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی حکام سے پی سی ایل کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے سی پی او منصور الحق رانا اور پی سی بی حکام کے ہمراہ روٹس بھی چیک کئے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ شائقین کرکٹ کی تفریح کیلئے پر امن ماحول میں سیریز کرائیں گے، غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے سپیشل سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔عمر جہانگیر نے بتایا کہ شہریوں کیلئے موثر پارکنگ اور متبادل روٹس بھی تیار کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ روٹس کی بندش کے دوران شہریوں اور تاجروں کی سہولت کیلئے متبادل روٹ پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔