پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور
اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کیے ہیں۔
ذرائع کا کہناہےکہ استعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے چند دن قبل منظوری کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے 43 ارکان کے استعفوں کی منظوری کی سمری الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے، جو الیکشن کمیشن کو موصول بھی ہوگئی ہے۔
قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی بچے ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے ذرائع کا بتانا ہےکہ اسپیکر نے 22 جنوری کو باقی 43 اراکین کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوادیے تھے، اس لیے 23 جنوری کو ای میل اور واٹس ایپ درخواستیں خلاف ضابطہ تھیں، استعفے 22 جنوری کو منظور کیے گئے تھے، اس لیے 23 جنوری کو واپسی کی درخواستیں غیر مؤثر تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ 23 جنوری کو اسد قیصر اور فواد چوہدری نے میڈیا ٹاک میں باقی اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔
اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے، اسپیکر قومی اسمبلی نے 20 جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔
اب مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 122اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔