تعلیمی بورڈز کو بچانے کا آخری راونڈ شروع، ملازمین کو دھرنے کی تیاری کے ساتھ لاہور پہنچنے کی ہدایت
پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کی خود مختاری بچانے کےلئے فیصلہ کن موڑ آگیا، پنجاب ایجوکیشن بورڈز ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے تیاری کے ساتھ لاہور پہنچنے کی ہدایت کردی۔
اس سلسلے میں چیئرمین ملک نثار کی طرف سے جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیاہے کہ بورڈز کی خود مختاری بچانے کےلئے اہم ڈائیلاگ 18 مارچ کو لاہور میں ہو رہا ہے، جس میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، سیاسی نمائندہ اور ایسوسی ایشن کے عہدیدار شرکت کریں گے۔
تمام ملازمین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 10 بجے لاہور بورڈ پہنچ جائیں ، تمام ملازمین اور عہدیدار مکمل تیاری کے ساتھ آئیں، اس مذاکراتی عمل میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں اس لئے اپنا مناسب بندو بست کر کے آئیں۔
دوسری طرف چیئرمین ملک نثار کا کہنا ہے کہ پنجاب کی سبکدوش ہونیوالی نگران حکومت نے اپنے دور حکمرانی میں جہاں متعدد ناپسندیدہ فیصلے کیے تھے ان میں سے ایک صوبہ پنجاب کیے مالی طور خوشحال اور انتظامی طور پر مستعد 9 تعلیمی بورڈز کو ختم کر کے ایک صوبائی مرکزی بورڈ بنانے کا فیصلہ بھی تھا۔
اب ہمارا پنجاب کی منتخب وزیراعلی مریم نواز پنجاب سے مطالبہ ہے کہ وہ تعلیمی بورڈز کے موجودہ سٹیٹس کو برقرار رکھنے اور ون بورڈ مجوزہ آرڈی نینس کو ختم کرنے کا واضح بیان دے کر پنجاب بھر کے 9 تعلیمی بورڈز کے پانچ ہزار سے زائد ملازمین کی بے چینی کو ختم کریں ورنہ ملازمین اپنا حق لینے کےلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے۔