پیف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 90 واں اجلاس
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کا 90واں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت چیئر مین پیف ملک شعیب اعوان نے کی۔
اجلاس میں ممبر چیف منسٹر ٹاسک فورس اینڈ ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز مزمل محمود، سیکرٹری(لیٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن) سید حیدر اقبال، ڈاکٹر باسط خان (ٹیکنوکریٹ)، عاصمہ وزیری (ماہر تعلیم)، ایڈیشنل سیکرٹری (سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ) فرحت حسین فاروق، یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے ڈاکٹر انتظار حسین بٹ(ڈائریکٹر )، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر صائمہ ملک (اسسٹنٹ چیف)،سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سے افتخار سلیم بھٹی (ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل)، فنانس ڈیپارٹمنٹ سے ذیشان ندیم (ڈپٹی سیکرٹری فنانس) نے شرکت کی۔
ایم ڈی پیف نے بورڈ ممبران کو منظوری کے لیے ایجنڈے پیش کیے، بورڈ نے 89ویں بورڈ میٹنگ، 55ویں فنانس کمیٹی،54ویں پروگرام کمیٹی اور 11ویں آڈٹ اینڈ رسک کمیٹی کے منٹس کی حتمی منظوری دی۔
ایم ڈی پیف نے بورڈ ممبران کو پبلک سکولز سپورٹ پروگرام فیز -ون کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت سرکاری سکول کامیابی سے لائسنسیز کے حوالے کر دیے گئے ہیں اور ایک ماہ کے قلیل عرصہ میں لائسنسیز نے تدریسی معیار کو بہتر بنانے کے لیے سینکڑوں نئے اساتذہ تعینات کر لیے ہیں اور ان سکولوں میں صرف ایک ماہ کے اندر اندر 60 ہزار سے زائد تعلیم سے محروم بچوں کو بھی داخل کر لیا گیا ہے۔
ایم ڈی پیف نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر پی ایس آر پی فیز – 2کا اشتہار بھی شائع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مزید 4ہزار 789سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
بورڈ ممبران نے پیف ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، چیئرمین پیف ملک شعیب اعوان نے پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیم دوست ویژن کو حقیقت کا رنگ دینے کے لیے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم دن رات متحرک ہے اور بہت جلد اس پروگرام کے تحت صوبہ پنجاب کے زیادہ تر تعلیم سے محروم بچوں کو سکولوں میں داخل کر لیا جائے گا۔ سرکاری سکولوں کے معیار کو اس قدر بہتر بنایا جائے گا، جس سے والدین اپنے بچوں کے لیے سرکاری سکولوں کا انتخاب کریں گے۔