محکمہ توانائی صوبہ پنجاب کو "سولر صوبہ” بنانے کی طرف تیزی سے گامزن ہے : وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک

وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کو سولر صوبہ بنانے کا سفر تیزی سے جاری ہے۔
اسی سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان کے آبائی ضلع میانوالی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو سولر پر منتقل کر دیا گیا ہے ، اور ضلع میانوالی کے 41 بنیادی مراکز صحت کی سولر پر منتقلی پر کام جاری ہے ،جبکہ پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت رواں سال نومبر تک سولر پر منتقل کر لئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال محکمہ توانائی پنجاب 32 پناہ گاہیں اور 36 دارالامان سولر پر منتقل کرے گا۔اسی طرح جیلیں ، تھانے اور ماڈل چلڈرن ہومز بھی سولر پر منتقل ہوں گے۔
پنجاب بھر کی 43 جیلیں سولر پر منتقل منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر رواں سال سینٹرل جیل فیصل آباد ، سینٹرل جیل میانوالی اور سینٹرل جیل ڈی جی خان سولر پر منتقل ہوں گے۔ اسی طرح محکمہ توانائی 373 تھانے بھی سولر منتقل کرے گا۔
وزیر توانائی پنجاب نے کہا کہ وہاڑی اور سمندری میں ہائبرڈ سولر انرجی کے دو منصوبوں کا افتتاح چند روز میں کر دیا جائے گا۔
محکمہ توانائی پنجاب وزیر اعظم پاکستان کے ویژن اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بُزدار کی قیادت میں سستی اور ماحول دوست توانائی کی فراہمی پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔


















